الٹرا ساونڈ سکین کیا ہے؟
الٹرا ساؤنڈ آپ کے بچے کے اندرونی جسم کی تصویریں بنانے کے لئےآواز کی لہروں کو استعمال کرتا ہے۔ یہ تصاویر آپ کے بچے کے ڈاکٹر کو بچے کے جسم کی پیمائش، شکل، اور جسمانی حصوں کی ساخت جو کہ سکین کی جارہی ہیں، ان کی معلومات فراہم کرتی ہیں۔
سونو گرافر اور ریڈیو لوجسٹ آپ کے بچے کے سکین اورٹیسٹ کے دوران اُس کی دیکھ بھال میں شامل ہوں گے۔ سونوگرافر الٹرا ساؤنڈ مشینوں کو استعمال کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ ریڈیولوجسٹ وہ ڈاکٹرہے جو جسم کے اندرونی اعضاء کی تصاویرکے ٹیسٹ بنانے میں مہارت رکھتے ہیں جیسے کہ الٹرا ساؤنڈ۔ سونو گرافر اور ریڈیولوجسٹ آپ کے بچے کے ڈاکٹر کو رپورٹ دیں گے۔
بیشتر ڈاکٹروں کے دفاتر میں الٹرا ساؤنڈ ہوتے ہیں۔ آپ کے بچے کی حالت کو دیکھتے ہوئے، ٹیسٹ ہسپتال میں ہو سکتے ہیں۔
الٹرا ساؤنڈ سکین عام طور پر 45 منٹ لیتا ہے لیکن یہ اس سے کچھ زیادہ وقت بھی لے سکتا ہے۔
الٹرا ساؤنڈ سکین کے لئے تیار کرنا
جسم کے اعضاء کو جو سکین کئے جارہے ہوں اُن کو دیکھتے ہوئے آپ کے بچے کوٹیسٹ سے پہلے کچھ پانی یا مائع مشروبات پینے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ تاہم کبھی کبھار خالی پیٹ والے ٹیسٹ کے نتائج کو پڑھنا آسان ہوتا ہے۔ اگر ایسا ہو تو آپ کے بچے کو معائنے سے چند گھنٹے پہلے کچھ بھی کھانے اور پینے کے لئے منع کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ کے بچے کو ذیابیطس ہے یا غذائی توڑپھوڑ کے عمل میں مسئلہ ہے تو اُسے سکین سے پہلے کھانا بند کرنے کی ضرورت نہیں۔ اگر آپ کو اس بات کا یقین نہیں کہ بچے کو ٹیسٹ کے لئے کیسے تیار کرنا ہے تو اپنے ڈاکٹر یا الٹرا ساؤنڈ کے ماہر سے بات کریں۔
کچھ عام رہنمائیاں یہاں درج کی جاتی ہیں:
پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ
اگر آپ کے بچے کے پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ سکین ہو رہا ہے تو اُسے سکین سے پہلے روزہ رکھنا چاہئے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اُسے پانی اور سیب کے جوس کے علاوہ کچھ بھی کھانا اور پینا نہیں چاہئے۔ بچے کو کتنی دیر تک روزہ رکھنا چاہئے اس بات کا انحصاربچے کی عمر پر ہے۔
عمر [ سال ] | روزہ کی مدت |
---|---|
صفر تا 2 | 2 گھنٹے |
3 تا 4 | 3 گھنٹے |
4 سال سے زائد | 4 گھنٹے |
پیڑو کا الٹراساونڈ
پیڑو کے ایسے اعضاء جن میں مثانہ، رحم، اور بیضہ دانی شامل ہیں اُن کے معائنہ کے لئے، ہم مریضوں کو کہیں گے کہ وہ اپنا مثانہ درمیانے درجے پر بھرا ہوا رکھیں۔ آپ کے معائنہ کے وقت کے ایک گھنٹے سے لیکر 90 منٹ تک آپ کے بچے کو 2 سے 3 گلاس پانی یا سیب کا جوس پینا چاہئے۔
آپ کے بچے کو ٹیسٹ کے لئے تیار کرنا
کبھی کبھار بچے نئے تجربات سے گھبرا جاتے ہیں۔ اس معلومات کو دھیان سے وقت دے کر پڑھیں۔ اپنے بچے کو آسان فہم الفاظ میں اسے واضح کریں۔ ایسے بچے جنہیں یہ معلوم ہو کہ کس بات کی توقع کرنے چاہئے وہ اکثر کم گھبراتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ تعاون کرے توالٹرا ساؤنڈ سکین بہت جلد اور آسانی سے ہو جاتا ہے۔ اپنے بچے کو بتائیں کہ آپ ہمہ وقت اُس کے ساتھ ہوں گے۔
الٹرا ساؤنڈ سکین کے بارے میں کوئی بات خطرے والی نہیں۔ یہ تکلیف نہیں دیتا۔
الٹرا ساؤنڈ کے دوران
جب آپ کا بچہ ہسپتال کے اندر پہنچ جائے گا تو سونوگرافراُسے سکیننگ کے کمرے میں لے جائیں گے۔ سکیننگ کے کمرے میں بستر لگا ہے، الٹرا ساونڈ کی مشین ہے اور ایک پردہ ہے جو الٹرا ساؤنڈ سے تصاویر دکھاتا ہے۔ کمرے کی روشنی گُل کر دی جائے گی تاکہ سونو گرافر پردے کو آسانی سے دیکھ سکے۔
جسم کے جس حصے کو سکین کیا جائے گا، آپ کے بچے کو اُس حصے کے کپڑوں کو ڈھیلا کرنے یا اُتارنے کو کہا جائے گا یا سکین کے شروع ہونے سے پہلے آپ کے بچے کو ہسپتال کے گاؤن کو پہننا ہو گا۔ پھر آپ کا بچہ بستر پر لیٹ جائے گا۔
سونوگرافر ایک دستی کیمرہ استعمال کرے گا جسے پروب کہتے ہیں تاکہ جسم کی تصاویر اُتاری جائیں۔ سونوگرافر پروب پرمناسب گرم جیل لگائیں گے۔ یہ جیل ہلکی گرم کریم کی طرح محسوس ہوتا ہے اور کوئی تکلیف نہیں دیتا۔ پروب کیمرے کو آپ کے بچے کے بدن کے اُس حصہ پر رکھا جاتا ہے جس جگہ کا سکین کرنا ہوتا ہے۔
جیسے جیسے پروب کیمرہ آپ کے بچے کے بدن پر حرکت کرتا ہے، ایک محرک تصویر الٹرا ساؤنڈ کے پردے پر ظاہر ہرتی ہے۔ جب بھی ساکت تصویر بنانی ہوگی، سونوگرافر آپ کے بچے کو سانس روکنے کا کہہ سکتے ہیں۔ ٹیسٹ کے دوران بہت سی تصاویر لی جائیں گی۔
جب سونوگرافر تصاویر اُتار چکیں گے تو وہ اُنہیں ریڈیولوجسٹ کو دکھائیں گے۔ جب ریٰڈیولوجسٹ تصاویر کا جائزہ لے رہے ہوں گےتو آپ کو سکیننگ کے کمرے میں ٹہرنے کو کہا جا سکتا ہے۔ کبھی کبھارریڈیولوجسٹ آپ سے ملنے کو آ سکتے ہیں یا مزید تصاویر اُتارنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ ریڈیولوجسٹ کی تمام تصاویر کو دیکھ لینے کے بعد سونوگرافرآپ کو جانے کے لئے کہیں گے۔
الٹرا ساؤنڈ کے ٹیسٹ کے کوئی بھی ضمنی یا بعد میں ہونے والے اثرات نہیں ہیں۔
آپ کے بچے کا ڈاکٹر آپ سے ٹیسٹ کے نتائج کے بارے میں بات کرے گا۔
ریڈیو لوجسٹ آپ کے بچے کے الٹراساؤنڈ کی تصاویر کو دیکھیں گے۔ اگر آپ کے بچے کےکوئی اور ٹیسٹ ہوئے ہوں گے تو وہ اُنہیں بھی دیکھیں گے – اُ سکے بعد آپ کے ڈاکٹر کو رپورٹ بھجوا دی جائے گی۔ آپ کے بچےکے ڈاکٹرآپ سے آئندہ ملاقات پر ان نتائج کے بارے میں آپ سے بات کریں گے۔
کلیدی نکات
- الٹرا ساؤنڈ مشین اندرونی جسم کی تصویریں بنانے کے لئےآواز کی لہروں کو استعمال کرتی ہے۔
- اپنے بچے کو بتائیں کہ ٹیسٹ کے دوران کیا ہوگا۔ بچے کو بتائیں کے آپ اُس کے ساتھ ہمہ وقت ہوں گے۔
- الٹرا ساؤنڈ کے کلینک سے معلوم کریں آیا کہ ٹیسٹ سے پہلے آپ کے بچے کو کچھ کھانا پینا نہیں چاہئے۔
- الٹرا ساؤنڈ تکلیف دہ نہیں ہے۔ اس کے کوئی ذیلی اثرات نہیں۔