بلڈ ورک کیا ہے؟
بچوں کی اکثریت کو کسی نہ کسی وقت بلڈ ورک کی ضرورت پڑتی ہے۔ جب کوئی بچہ بیمار ہوتا ہے، یا کسی وجہ سے زیر علاج ہوتا ہے، تو لیبارٹری میں اُس کے خون کے معائنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اسے بلڈ ورک کہتے ہیں۔ خون لینے کے لئے، نرس یا ہسپتال کے عملے میں سے کوئی بھی بچے کی رگوں میں سے کسی ایک رگ میں سوئی داخل کرے گا۔
آپ اپنے بچے کو بلڈ ورک کے لئے ذہنی طور پر یہ بتا کر تیار کر سکتے ہیں کہ کیا متوقع ہے
عموما، یہ زیادہ بہتر ہوتا ہے کہ آپ قبل از وقت اپنے بچے کو بلڈ ورک کے لئے ذہنی طور پر تیار کر لیں۔ جب ایک بچے کو اس بات کا بخوبی علم ہوگا کہ کیا متوقع ہے، تو وہ ممکنہ طور پر اس بارے میں سوچتے ہوئےکم پریشان ہوگا کہ وہاں کیا ہوگا۔ بعض لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ اگر انہوں نے قبل از وقت اپنے بچوں بلڈ ورک کے متعلق بتا دیا، تو بچہ بہت زیادہ پریشان ہو جائے گا۔ زیادہ تر بچوں کے لئے، یہ بہتر ہے کہ ہسپتال جانے سے ایک یا دو دن قبل اُنہیں اس بارے میں بتا دیا جائے۔
والدین اس حوالے سے کیا مدد کر سکتے ہیں؟
بلڈ ورک کے لئے آپ اپنے بچے کو کس طرح تیار کرنے میں مدد کر سکتے ہیں اس کا انحصار بچے کی عمر پر ہے۔ ایک چھوٹی عمر کے بچے کے لئے کیا مدد چاہیئے ہوتی ہے وہ نسبتاً بڑی عمر کے بچے سے مختلف ہوتی ہے۔
ایک دباؤ والی صورتحال کیلئے آپ کا ردعمل آپکے بچے کے رد عمل پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ اپنے بچے پر اپنی ایسی کیفیت کا اظہار کرتے ہیں کہ آپ اپنے بچے کے سوئی لگنے کے متعلق پریشان ہیں، تو بچہ آپ سے بھی زیادہ پریشان ہو جائے گا۔ اگر آپ اپنے بچے کے سوئی لگنے کے متعلق پرسکون ہیں، تو بچہ آپ سے بھی زیادہ اطمینانیت محسوس کرے گا۔
اپنے بچے کی توجہ ہٹانا مفید ثابت ہوتا ہے
اس موقع پر توجہ ہٹانا عام طور پر کسی بھی بچے کیلئےخاصا مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ سوئی لگنےکے دوران بچےکی توجہ ادھر اُدھر کرنے کیلئے بہترین طریقہ اختیار کرنے کا انحصار بچے کی عمر پر ہے۔
پاؤں چلنا سیکھنے والے 12 ماہ سے 2 سال کی عمر تک کے بچے
اپنے پاؤں چلنا سیکھنے والے بچوں کی توجہ بلبلوں یا حرکت اور شور کرنے والے کھلونوں کی مدد سے ہٹائی جا سکتی ہے۔ گول گھومنے والے کھلونے، طلسماتی چھڑیاں، اور چمکنے والے کھلونے اس حوالے سے کافی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
3 سے 5 سال کی عمر تک کے بچے
اپنے بچے کا پسندیدہ ترین کھلونا اُس کے ہمراہ ہسپتال میں لائیں۔ جب خون لیا جا رہا ہو تو وہ کھلونا ہاتھ میں پکڑ سکتا/سکتی ہے۔ بلبلے اور ایسے کھلونے جن میں سے روشنی نکلتی اور آواز آتی ہو وہ بھی اس حوالے سے خاصے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
6 سے 12 سال کی عمر تک کے بچے
اگر آپ کا بچہ اس عمر کا ہے تو ایسے کھلونے جن میں سے روشنی نکلتی اور آواز آتی ہو وہ بھی ان کے لئے مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ویڈیو گیمز، "تلاش کرنے اور ڈھونڈنے " والی کتابیں، اور روئی سے بھرے ہوئے پسندیدہ نرم جانوراور گھر سے لائے ہوئے دیگرکھلونے بھی خاصے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
بلبلے بنانا بڑے بچوں کی توجہ بھی ہٹا سکتا ہے۔ بلبلے بنانے کے دوران لمبی سانس لینے کا عمل اسے پرسکون کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
کچھ بڑی عمر کے بچے اپنی توجہ ہٹانے کے لئے اپنے تخیلات کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اپنے بچے سے کہیں کہ وہ اپنی آنکھیں بند کر لے اور کسی پسندیدہ جگہ یا سرگرمی کے حوالے سے سوچے۔ آپ اُسے لطیفے اور کہانیاں بھی سُنا سکتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ بلوغت میں قدم رکھ رہا ہے تو کہانیاں، لطیفے، اور تخیلاتی کھیل بھی اُسکی توجہ دوسری طرف مرکوز کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
مدد کیلئے والدین کن الفاظ کا استعمال کر سکتے ہیں
اپنے بچے کو یہ بتانے کیلئے کہ کیا ہونے جا رہا ہے آپ جن الفاظ کا استعمال کرتے ہیں وہ الفاظ اہم ہیں۔ اُس سے بات کرتے ہوئے ایسے الفاظ استعمال کریں جس سے اُس میں اعتماد پیدا ہو۔ اُسے قابل فہم لفظوں میں سمجھائیں کہ اب کیا ہونے والا ہے۔ اُس سے بات کریں کہ وہ اب کیا دیکھےگا، محسوس کرے گا، سنے گا، اور سُونگھےگا۔ اپنے بچے کو یہ سمجھنے میں مدد کیلئے کہ خون دینے میں کتنا وقت لگتا ہے، اُسے یہ بتائیں کہ "سُوئی لگنے میں اتنا وقت نہیں لگتا جتنا ٹی وی پرکمر شل گزرنے میں لگتا ہے۔"
آپ اُسے اس بارے میں وضاحت سے سمجھا سکتے ہیں کہ کیا ہو گا:
- سوئی لگنے سے پہلے، ایک ربڑ بینڈ جو غبارے کی طرح محسوس ہو گا آپ کے بچے کے بازو کے گرد باندھ دیا جائے گ ۔اُسے سمجھائیں کہ یہ بینڈ اُسکے بازو کے گرد سخت ہوتا چلا جائے گا جیسے کہ کوئی اُسکی بازو کو دبوچ رہا ہو۔
- نرس آپ کے بچے کے بازو پر جلد کے ایک تھوڑے سے حصےکو صاف کرےگی اور یہ تھوڑا سرد محسوس ہوگا۔
- سوئی بازو کے اندر داخل کی جائےگی اور خون سوئی کے اندر جائےگا۔ آپ کا بچہ چٹکی یا چبھن محسوس کرے گا جو ٹیس یا تھوڑی سی تکلیف کا باعث ہوسکتا ہے، یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ کچھ محسوس ہی نہ کرے۔
- ایک بار جب خو ن لے لیا جاتا ہے، تو سوئی باہر نکال لی جاتی ہے اور سوئی کی جگہ پر ایک چھوٹی پٹی لگا دی جاتی ہے۔
دیگر معاون اشارے
- اپنے بچے کو بتائیں کہ اس کا خون کیوں لیا جا رہا ہے۔
- خون لئے جانے سے قبل بچے کو کھلونا سوئیاں اور دیگر طبی آلات دکھانا معاون ثابت ہو سکتا ہے۔کچھ ہسپتالوں میں یہ کھلونے دستیاب ہوتے ہیں۔ جب بچے یہ کھلونے دیکھتے اور ان سے کھیلتے ہیں، تویہ طریقہ کار اصلی سرنجوں کو دیکھ کر ان کےکم پریشان ہونے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
- بچے جب خود پر کچھ قابو پا لیتے ہیں تو پھر وہ کافی بہتر محسوس کرتے ہیں۔ آپ بچے کو خود پر قابو پانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں اگر آپ اُسے اُسکے انتخابات پر چھوڑ دیں۔ مثال کے طور پر، اُس سے پوچھیں کہ وہ ہسپتال میں کون سا کھلونا لے جانا چاہتا ہے۔آپ اُس سے یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ خون لئے جانے کے عمل کے دوران آیا وہ کھلونے سے کھیلنا پسند کرے گا یا کوئی پسندیدہ کہانی سننا پسند کرے گا۔
- اپنے بچے کو بتائیں کہ جو کچھ ہو رہا ہے اگر وہ اسے اچھا نہیں لگ رہا تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ اپنے بچے کو اس حوالے سے اظہار کرنے دینا ایک اچھی بات ہے کہ وہ کیسا محسوس کر رہا ہے۔ اور یہ بھی اچھا آئیڈیا ہےکہ آپ اپنے بچےکو سمجھائیں کہ اُسکا "سب سے اہم کام" یہ ہے کہ سوئی لگنے کے دوران وہ بالکل ساکت رہے۔
- کچھ بچوں کو یہ خیال پریشان کرتا ہے کہ اُنکے بازو سے خون لئے جانے کے بعد اُنکے اندر خون کی کمی واقع ہو جائے گی۔ آپ اپنے بچے کو سمجھا سکتے ہیں کہ خون کی صرف بہت کم مقدار لی جائے گی۔ آپ اُسے یہ بھی سمجھا سکتے ہیں کہ اُسکا جسم ہر وقت نیا خون بناتا رہتا ہے۔
اہم نکات
- کچھ ایسی باتیں ہیں جن کو ملحوظ خاطر رکھ کر آپ اپنے بچے کو بلڈ ورک کے لئے ذہنی طور پر تیار کر سکتے ہیں اور اس حوالے سے اُسکی پریشانی کم کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے کون سی ترکیب سب سے بہتر کام کرتی ہے اس کا انحصار آپ کے بچےکی عمر اور مزاج پر ہے۔
- اپنے بچے کے ساتھ ایماندارانہ رویہ اختیار کریں۔ ایسے الفاظ کا استعمال کرتے ہوئےجو اُس کے لئے قابل فہم ہوں، اسے سمجھائیں کہ کیا ہوگا۔
- اس عمل کے دوران اپنے بچے کی توجہ بٹانا معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
- اپنے بچے کو انتخابات کا موقع فراہم کرنا بے حد معاون ثابت ہوسکتا ہے۔