آپ کے بچے کو بڈیسونائیڈ نامی دوا لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پڑھیں کہ سونگھنے والے بڈیسونائیڈ کیا کرتا ہے اور اس کے ضمنی اثرات کیا ہیں۔
آپ کے بچے کو جو دوا لینے کی ضرورت ہے اسے بیوڈیسونائڈ کہتے ہیں ( پکاریں: بیو ـ ڈیس ـ اُو ـ نائڈ )۔ یہ معلوماتی کتابچہ بیان کرتا ہےکہ بیوڈیسونائڈ کیا کرتی ہے، یہ دوا کیسے دینی ہے، اور آپ کے بچے کو کیا ضمنی اثرات یا مسائل در پیش آ سکتے ہیں جب وہ بچہ یا بچی یہ دوا لیتا / لیتی ہے۔
یہ دوا کیا ہے ؟
بیوڈیسونائڈ دمے کی علامات کو روکنے میں مدد کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ جب آپ کا بچہ اسے باقاعدگی سے استعمال کرتا ہے تو یہ دوا آپکے بچے کے پھیپھڑوں میں ہوا کی آمدورفت والے راستوں کو تندرست رکھتی ہے ۔
مکن ہے کہ آپ بیوڈیسونائڈ کو مزاحمت والی دوا کے نام سے سنیں۔ ممکن ہے کہ آپ بیوڈیسونائڈکو اس کے برانڈ کے نام پلمیکورٹ نام سے بھی سنیں۔
بیوڈیسونائڈ سانس کے ذریعے اندر کھینچنے والے آلے ان ھیلر کی صورت میں آتی ہے، یا ما ئع کی صورت میں جو کہ مائع کو عمدہ سپرے میں تبدیل کرنے والے آلے نیبولائزر مشین میں استعمال ہوتا ہے۔
اپنے بچے کو یہ دوا دینے سے پہلے۔ ۔ ۔
اپنے بچے کے ڈاکٹر کو بتائیں اگر آپ کے بچے کو:
- بیوڈیسونائڈ سے الرجی ہے
اگر آپ کے بچے کو مندرجہ ذیل کیفیات میں سے کوئی ایک لاحق ہے تو اپنے بچے کے ڈاکٹر یا دوا ساز سے بات کریں۔ ممکن ہےکہ اس دوا کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پڑےاگر آپ کے بچےکو:
- انفیکشنز، جیسے کہ چیچک ، خسرہ ، تپ دق
- آنکھوں کی مسائل ، جیسے کہ سبز/کالا موتیا
آپ کو اپنے بچےکو یہ دوا کیسے دینی چاہیئے؟
- اپنے بچے کوبیوڈیسونائڈ ٹھیک اسی طرح دیں جیسےکہ آپ کا ڈاکٹر یا دواساز آپ کو ہدایت کرتا ہے، اگرچہ آپ کا بچہ بہتر بھی لگ رہا ہو۔
- بیوڈیسونائڈ صرف اس صورت میں دینا بندکریں جب آپ کا ڈاکٹر یا دواساز بند کرنے کی ہدایت کرے
- اپنے بچے کو بیوڈیسونائڈ ہر روز ایک ہی وقت پر دیں۔ ایسے اوقات کا انتخاب کریں جو آپ کے لئے آسان ہو تاکہ کوئی خوراک چھوٹ نہ جائے۔
- اگر آپکا بچہ درد یا تکلیف میں آرام کے لئے کوئی دوا استعمال کر رہا ہے،ٍ مثال کے طور پر سالبیوٹامال ، تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ درد یا تکلیف میں آرام پہنچانے والی دوا بیوڈیسونائڈ کے استعمال سے پہلے دیں۔ درد یا تکلیف میں آرام پُہنچانی والی دوادینےکے بعد اس سے پہلے کہ آپ بیوڈیسونائڈ دیں آپ کو 5 منٹ انتظار کرنا چاہیئے۔
- اگر آپ کا بچہ بیوڈیسونائڈ لینے کےلئے نیبیولائزر مشین استعمال کرتا ہے، تو آپ درد یا تکلیف میں آرام دینے والی دوا کو بیوڈیسونائڈ مائع کے ساتھ مکس کر سکتے ہیں
- آپ کے بچے کو منہ کے ذریعے سانس لینے سے بیوڈیسونائڈ اندر لے جانے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کو پوری طرح سے بھروسہ نہیں ہےکہ یہ دواکیسے دینی ہے، تو دوا ساز یا نرس سے کہیں کہ وہ آپ کے سامنے استعمال کرکے دکھائے۔
- بیوڈیسونائڈ دینے کے بعد اپنے بچے یا بچی کو پانی سے منہ صاف کرنے کیلئے کہیں۔ اگر آپ کابچہ پانی سے منہ صاف کرنے کیلئے بہت چھوٹا ہے،تو بیوڈیسونائڈکی ہر خوراک کے بعد اس بچے یا بچی کو پینے کیلئے پانی یا جوس دیں۔
اگر آپ کے بچےکی کسی خوراک کا ناغہ ہوجائے تو آپ کو کیا کرنا چاہیئے ؟
- جس خوراک کا ناغہ ہوگیا ہو تو جونہی آپ کو یاد آئے اسے فوراً دیں ۔
- اگر تقریباً اگلی خوراک دینے کا وقت ہو گیا ہے، تو چھوٹی ہوئی خوراک کو مت دیں۔ اگلی خوراک مقرر کردہ وقت پر دیں۔
- جس خوراک کا ناغہ ہو گیا ہے اس کو پورا کرنے کے لئے اپنے بچےکو دوخوراکیں ایک ساتھ ہرگز مت دیں ۔
اس دوا کو اثر دکھانے میں کتنا وقت لگتا ہے؟
اس سے پہلے کہ آپ اپنے بچے میں بیوڈیسونائڈ کے ذریعے دمے کے بہتر ہونے کا نوٹس لیں اس میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں ۔
اس دوا کے ممکنہ ضمنی اثرات کیا ہیں؟
جب تک آپ کا بچہ یا بچی بیوڈیسونائڈ لے رہا ہے تو وہ نیچے درج شدہ ضمنی اثرات میں سے کچھ میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کے بچے کو ان ضمنی اثرات میں سے کوئی بھی جاری رہے، اگر وہ ختم نہ ہوں، یا اگر ان کی وجہ سے آپ کا بچہ تنگ رہتا ہے تواپنے بچے کے ڈاکٹر کے ساتھ رابطہ کریں:
- خشک منہ یا گلا
- گلے کی سوزش
- منہ کا بُرا ذائقہ
- کھانسی
- سردرد
- ہاضمہ کی خرابی
اگر آپ کے بچےمندرجہ ذیل ضمنی اثرات میں سے کوئی بھی لاحق ہے تو اپنے بچے کے ڈاکٹر کو دفتری اوقات میں کال کریں:
- منہ کے اندر سفید داغ
- کھانے یا نگلنے کے دوران درد
- دھندلا دکھائی دینا یا نظر میں کسی قسم کی بھی تبدیلی
مندرجہ ذیل زیادہ تر ضمنی اثرات عام نہیں ہیں، تاہم وہ کسی سنجیدہ مسئلہ کی علامت ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ کے بچے کو ان ضمنی اثرات میں سے کوئی بھی لاحق ہے تو اپنے بچے کے ڈاکٹر کو فوراً کال کریں یا اپنے بچے کو ایمرجینسی میں لے جائیں:
- چہرے، آنکھوں، ہونٹوں پرسوجن
- سینے میں تناؤ
- خرخراہٹ ، ہانپنا، یا سانس لینے میں مشکل پیش آنا جسے کو کسی بھی دوا سے آرام نہ آئے۔
جب آپ کا بچہ یہ دوا استعمال کر رہا ہو تو آپ کو کیا حفاظتی اقدامات کرنے چاہیئے؟
اگر بیوڈیسونائڈ لینے کے دو ہفتے بعد بھی آپ کے بچے کا دَمہ ٹھیک نہیں ہو رہا، یا اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ یہ مزید بگڑ رہا ہے، تو اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں ۔
خوراک لینے کے بعد غرارے یا پانی کے ساتھ کلی کرنے سے آواز کے بھاری پن، گلے کی خراش،اور منہ میں ییسٹ انفیکشن کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
اپنے بچے کی کسی بھی طرح کی سرجری سے پہلے، بشمول دانتوں کی سرجری یا ایمرجینسی علاج، ڈاکٹر یا دندان سازکو بتائیں کہ آپ کا بچہ بیوڈیسونائڈ لے رہا ہے۔
اپنے بچے کو کوئی بھی دوسری ادویات (ڈاکٹری نسخے والی، بغیر ڈاکٹری نسخے کے، جڑی بوٹیاں یا قدرتی مصنوعات) دینے سے پہلے ڈاکٹر یا دوا ساز سے مشورہ کریں۔
کونسی دیگر اہم معلومات آپ کے علم میں ہونی چاہیئے؟
تمام ادویات کی فہرست اپنے پاس رکھیں جو آپ کابچہ لے رہا ہے اور یہ فہرست ڈاکٹر یا دواساز کو دکھائیں ۔
اپنے بچے کی دوا دوسروں کے ساتھ شیئر نہ کریں اورکسی دوسرے کی دوا اپنے بچے کو نہ دیں۔
اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس ہفتے کے اختتام، تعطیلات ،اور چھٹیوں میں دینے کیلئے بیوڈیسونائڈ کی کافی مقدار ہمیشہ موجود ہو۔ اپنے بچے کی دوا ختم ہونے سے کم از کم 2 دن پہلے دوا دوبارہ لینے کے لئے اپنے دوا ساز کو کال کریں۔
بیوڈیسونائڈ کمرے کے درجہ حرارت پر کسی ٹھنڈی، اور خشک جگہ پر سورج کی روشنی سے دور رکھیں۔ دوا کو غُسلخانے یا باورچی خانے میں ہرگز مت رکھیں۔
ایسی ادویات پاس مت رکھیں جن کے استعمال کی تاریخ گزر چکی ہو۔ اپنے دوا ساز سے گزری ہوئی تاریخوں والی یا بچی ہوئی ادویات کو ضائع کرنے کے سب سے بہتر طریقے کے بارے میں معلوم کریں ۔
بیوڈیسونائڈ اپنے بچے کی نظر اور پہنچ سے دور اورکسی محفوظ جگہ پر تالے میں رکھیں۔ اگر آپ کا بچہ بہت زیادہ مقدار میں بیوڈیسونائڈ لے لیتا ہے، تو اونٹاریو پوائزن سینٹر کو مندرجہ ذیل نمبروں میں سے کسی ایک نمبر پر کال کریں۔ یہ کالیں مفت ہیں ۔
- اگر آپ ٹورانٹو میں رہتے ہیں تو 5900-813-416 پر کال کریں۔
- اگر آپ اونٹاریو میں کسی اور جگہ رہتے ہیں تو 9017-268-800-1 پر کال کریں۔
- اگر آپ اونٹاریو سے باہر رہتے ہیں، تو اپنے مقامی پوائزن انفارمیشن سینٹر کو کال کریں۔
دست برداری : اس فیملی میڈ ـ اِیڈ کے اندر موجود معلومات پرنٹنگ کے وقت پر درست ہیں۔ اس میں بیوڈیسونائڈ کے بارے میں معلومات مختصر طور پر فراہم کی جاتی ہیں اور اِس دوا کے بارے میں تمام ممکنہ معلومات شامل نہیں ہیں۔ تمام ضمنی اثرات درج نہیں کئے گئے۔ اگر بیوڈیسونائڈ کے بارے میں آپ کے پاس کوئی سوالات ہیں یا مزید معلومات چاہتے ہیں، تو اپنے صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والے سے معلوم کریں ۔